مصروف اوقات میں موٹر گاڑیوں کو چالانات سے گریز

ٹرافک بہاؤ میں خلل کو روکنا مقصد ، حیدرآباد ٹرافک پولیس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر : ( ایجنسیز ) : حیدرآباد ٹرافک پولیس نے صبح اور شام کے مصروف اوقات میں گاڑیوں کو جرمانہ اور دستاویزات کی چیکنگ سے اجتناب کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ٹرافک بہاؤ میں رکاوٹ پیش نہ آئے ۔ ٹرافک پولیس پر مختلف گوشوں سے مصروف اوقات میں ٹرافک بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے مسلسل تنقید کئے جانے کے بعد حیدرآباد ٹرافک پولیس نے اس بات کا فیصلہ لیا ۔ حیدرآباد پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی نے بتایا کہ مصروف اوقات میں موٹر گاڑی رانوں کو چالانات ، دستاویزات کی تنقیح کے نام پر نہیں روکا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا جائے گا تاکہ وہ ٹرافک پولیس کی جانب سے مصروف اوقات میں چیکنگ پر نظر رکھ سکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی غرض سے ٹرافک پولیس کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ مصروف اوقات میں اپنے چالان بکس پی ڈی ایس کو متعلقہ پولیس اسٹیشن میں رکھ دیں ۔ ٹرافک پولیس کو بکس ڈپازٹ کئے جانے کے اوقات کو درج کرانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس نے تاہم بتایا کہ نو پارکنگ مقامات پر موٹر گاڑیوں اور دیگر ٹرافک خلاف ورزیوں کے خلاف ٹرافک پولیس کے اقدامات جاری رہیں گے ۔ اے سی پی پنجہ گٹہ ٹرافک ٹی پدمنابھا ریڈی نے بتایا کہ نئے اقدامات سے ٹرافک بہاؤ میں رکاوٹ کی مشکلات سے عوام کو گوناگوں راحت میسر آئے گی اور پولیس کی شبیہہ بھی بہتر رہے گی ۔۔