مشیل اوباما کا آئندہ ماہ دورہ قطر و اُردن

واشنگٹن 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی خاتون اول مشیل اوباما آئندہ ماہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گی جہاں وہ قطر اور اُردن میں توقف کریں گی۔ وائیٹ ہاؤز سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم تا سات نومبر مشیل اوباما اکیلے ہی اس دورہ پر ’’لڑکی کو سیکھنے دو‘‘ مہم کے تحت روانہ ہوں گی۔ دوحہ میں مشیل اوباما ’’2015 ورلڈ انوویشن سمیٹ برائے ایجوکیشن (WISE)‘‘ میں شرکت کرتے ہوئے وہاں موجود تعلیمی شعبوں سے وابستہ قائدین سے خطاب کریں گی جہاں نہ صرف مقامی قائدین بلکہ دنیا بھر سے تعلیمی شعبوں سے وابستہ عہدیدار موجود ہوں گے جہاں وہ لڑکیوں کی تعلیم اور اُنھیں کچھ نہ کچھ سکھانے کی اپنی مہم پر روشنی ڈالیں گی۔ یاد رہے کہ 2009 ء میں WISE کا قیام عمل میں آیا تھا اور اُس وقت سے اب تک سالانہ اجلاس کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں عالمی سطح پر تعلیمی شعبوں سے وابستہ قائدین شرکت کرتے ہیں تاکہ تعلیمی شعبوں میں مزید بہتری لائی جاسکے۔ العدید ایئر بس میں موجود سرویس ممبرس سے بھی مشیل اوباما ملاقات کریں گی۔ اُردن کے شہر اومان میں مشیل اوباما ایک ایسے اسکول کا دورہ کریں گی جو USAID کے فنڈس سے تعمیر کیا گیا ہے۔ طلباء و طالبات سے ملاقات بھی اُن کے پروگرام میں شامل ہے۔ یاد رہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے اُردن کے متعدد اسکولس میں پناہ گزین کے طور پر آئے ہوئے شامی بچوں کی تعلیم کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ اُردن میں آثار قدیمہ کے مقام پیترا کا دورہ بھی مشیل اوباما کے پروگرام کا حصہ ہے ۔