مشھد فارمیسی کی افتتاحی پیشکش کا جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں افتتاح

دفتر سیاست میں آل کیر ہربل ٹوتھ پوڈر کی افتتاحی تقریب سے جناب زاہد علی خاں اور معززین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : اس جدید ترقی یافتہ دور میں جہاں میڈیکل سائنس اس قدر ترقی کرچکی ہے کہ اب کسی بھی مہلک و پیچیدہ مرض کی تشخیص و علاج ناممکن نہیں ہے ۔ لیکن مالی اعتبار سے عام آدمی کی دسترس سے باہر ہے ۔ امراض کی تشخیص طبی امتحانات کے نتائج کے بغیر ناگزیر ہوگئی ہے ۔ ایسے میں ڈاکٹرس اور دواخانوں میں انسانی ہمدردی کی عدم موجودگی نے عام آدمی کے لیے معمولی مرض کے علاج کو دشوار بنادیا ہے ۔ لیکن برخلاف اس کے حکومت کی عدم توجہ کے باوجود اس قدیم طریقہ یونانی طب کے حکماء میں انسانی ہمدردی کے جذبہ توازن کے ساتھ پیشہ طب کی تقدیس اور فن کی عظمت رفتہ کی بحالی کی کوششیں قابل ستائش ہے ۔ روزنامہ سیاست اس سلسلے میں پچھلے کئی برسوں سے اس قدیم طریقہ یونانی طب کے فن کے تحفظ کے لیے نئی نسل میں شعور بیدار کررہا ہے اور اس کے مسابقتی امتحان کی کوچنگ کا انتظام بھی کرتا آرہا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے ان خیالات کا اظہار آج دفتر سیاست میں مشھد فارمیسی کی افتتاحی پیشکش تقریب سے کیا ۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب زاہد علی خاں نے مشھد فارمیسی کے سربراہان کو طب نبویؐ سے ماخوذ نسخہ پر تیار کردہ اور محکمہ آیوش کا منظورہ و لائسنس یافتہ آل کیر ہربل ٹوتھ پوڈر کی پیشکش پر مبارکباد دی اور دیگر یونانی ادویات سازی کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹر مرزا غلام حسین بیگ موظف چیف میڈیکل آفیسر یونانی نے آل کیر ہربل ٹوتھ پوڈر کے فوائد کو مفصل طور پر بیان کرتے ہوئے اسے جملہ امراض دندان کے لیے مفید و موثر بتایا ۔ ڈاکٹر احمد شفیع الدین سینئیر میڈیکل آفیسر نظامیہ جنرل ہاسپٹل و انچارج ڈرگ انسپکٹر محکمہ آیوش نے اپنی تقریر میں کہا کہ نت نئے طریقہ علاج دریافت ہونے کے باوجود قدیم طریقہ یونانی علاج آج بھی انفرادیت کا حامل ہے اور اس خصوص میں انہوں نے یونانی ادویات سازی کے میدان میں مشھد فارمیسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس پراڈکٹ کو جملہ امراض دنداں کے لیے مفید و موثر بتایا ۔ ڈاکٹر منور فاطمہ ( یف ٹی ایس ) مشہد فارمیسی نے آل کیر ہربل ٹوتھ پوڈر کی تیاری کو حسب قواعد محکمہ آیوش قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ۔ مشیر مشھد فارمیسی مسٹر کاظم رضوی نے طب نبویؐ کے متعدد نسخہ جات کے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے طب نبویؐ ہی سے ماخوذ آل کیر ہربل ٹوتھ پوڈر کے نسخہ کو تقریبا آج سے 40 سال قبل اپنے والد ساجد رضوی مرحوم کی دریافت کا ماحصل بتایا اور مستقبل قریب میں مشھد فارمیسی کے تحت دیگر یونانی ادویات سازی کا اظہار بھی کیا ۔ مسٹر مجتبیٰ رضوی مالک مشھد فارمیسی نے عوام سے اس پہلی پیشکش کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اپیل کے ساتھ کسٹمر کیر نمبر 9959572516 جاری کرتے ہوئے اس پراڈکٹ کی دستیابی کو جہانگیر علی دوا ساز گلزار حوض ، مخزن الادویہ پرانی حویلی ، ریلائنس میڈیکل ہال پرانی حویلی ، برادرس جنرل اسٹور کھیت بالسٹی پر بتاتے ہوئے کہا کہ شہر کے دوسرے یونانی دوا سازی مراکز پر بھی بہت جلد پراڈکٹ کی دستیابی کو ممکن بنایا جائے گا ۔ آخر میں مرزا مظفر بیگ نے معززین کی گلپوشی اور شکریہ ادا کیا ۔۔