حیدرآباد 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی اور دیگر کئی قائدین نے عوام کو سال نو کی مبارکباد دی ہے۔ گورنر نے ریاست کے ہر شہری کیلئے صحت، کامیابی اور تمام محاذوں پر خوشحالی کی تمنا ظاہر کی ہے۔ یہ روایت رہی ہے کہ گورنر یکم جنوری کو راج بھون کے دربار ہال میں عوام الناس اور سیول سوسائٹی کے قائدین سے ملاقات کیا کرتے ہیں۔ چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے اپنے پیام میں توقع ظاہر کی کہ 2014 ء آندھراپردیش کی تمام شعبوں میں ترقی اور عوام کے لئے امن و خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ تین سال بالخصوص 2013 ء میں ریاست نے کافی تیز رفتار ترقی کی ہے۔ ریاست میں درپیش مشکل حالات (آندھراپردیش کی تقسیم) کے باوجود ریاست نے غیرمعمولی ترقی کا مظاہرہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش کے عوام کے لئے یہ بات بھی باعث فخر ہے کہ ’’انڈیا ٹوڈے‘‘ نے ریاست کو حکمرانی کے معاملہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر باوقار ایوارڈ عطا کیا ہے۔
کرن کمار ریڈی نے کہاکہ تعلیم کے شعبہ میں زیادہ رقومات خرچ کرنے کے معاملہ میں آندھراپردیش دوسرے مقام پر رہا۔ اِس کا نتیجہ یہ ہے کہ تعلیمی مظاہرہ میں نمایاں بہتری آئی اور مجموعی طور پر کیرالا کے بعد آندھراپردیش دوسرے نمبر پر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں ایک ربر بلٹ کا بھی استعمال کئے بغیر امن و ہم آہنگی کو برقرار رکھا گیا اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال اطمینان بخش رہی۔ چیف منسٹر نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے سال 2013 ء کے دوران حکومت کی متعارف کردہ مختلف اسکیمات کا بھی ذکر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ می سیوا پروگرام بھی حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے۔ اِس کے ذریعہ عوامی خدمات سنگل ونڈو کے تحت مؤثر طور پر انجام دی جارہی ہیں۔
اُنھوں نے سماج کے کمزور طبقات، عام آدمی اور ایس سی، ایس ٹی، بی سی و اقلیتوں کے علاوہ خواتین، بچوں، کسانوں اور بے روزگار نوجوانوں کے لئے شروع کی گئی اسکیمات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اِن پر مؤثر عمل کیا جارہا ہے۔ صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو ، مرکزی وزیر سیاحت چرنجیوی اور وائی ایس آر کانگریس صدر جگن موہن ریڈی اور صدر ریاستی بی جے پی کشن ریڈی نے بھی عوام کو سال نو کی مبارکباد دی۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود مسٹر احمداللہ نے بھی عوام کو سال نو کی مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ سال 2014 ء ریاست کے عوام اور ملک بھر کے لئے امن و خوشحالی کا باعث بنے گا۔