شمس آباد کے موضع ملکارم میں ٹرانسپورٹ منسٹر مہیندر ریڈی کے ہاتھوں کام کا افتتاح اور خطاب
شمس آباد ۔ 3۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں تالابوں کنٹوں کی صفائی و مرمت کے لیے مشن کاکتیہ پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت شمس آباد کے موضع ملکارم میں واقع بنڈلہ مرہ کنٹہ کی صفائی و مرمت کے کام کا افتتاح وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ اس تالاب کی صفائی کے لیے 17 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے کہا کہ ضلع رنگاریڈی میں پہلے مرحلہ میں 500 تالابوں کی صفائی و مرمت کے لیے 144 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ محکمہ آبپاشی کو بھی ہدایت جاری کردی گئی کہ کام کو جلد مکمل کریں ۔ آنے والے موسم برسات تک ان تالابوں میں پانی کو جمع کیا جاسکتا ہے ۔ جس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا اور جہاں جہاں تالاب سوکھ گئے ہیں ۔ بعض مقامات پر ناجائز قبضہ کیا جارہا ہے ناجائز قبضہ کو برخاست کرتے ہوئے وہاں پر دوبارہ صفائی کروائی جائے گی ۔ حضور نظام کے دور میں شہر حیدرآباد و اطراف کے مقام پر پانی کے لیے حمایت ساگر اور عثمان ساگر کی تعمیر کی گئی تھی لیکن کچھ سالوں سے رئیل اسٹیٹ تجارت کی وجہ سے دونوں مقامات پر پانی نہیں آرہا ہے ۔ لیکن تلنگانہ حکومت اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے دونوں تالابوں کو کارگر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔ پرگی ، تانڈور اور وقار آباد سے بارش کا پانی یہاں آتاتھا لیکن جگہ جگہ پلاٹنگ کی وجہ سے پانی جہاں کا وہاں ٹھہر جارہا ہے ۔ راستہ میں کئی رکاوٹیں حائل ہیں ۔ ان تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا ۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ گذشتہ میں کسی بھی حکومت نے تالابوں کی صفائی و مرمت کا انتظام نہیں کیا تھا ۔ محکمہ آبپاشی صرف برائے نام کام انجام دیتا تھا لیکن ٹی آر ایس حکومت نے سنجیدگی سے کام لیا ہے ۔ راجندر نگر رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ نے کہا کہ حکومت نے مشن کاکتیہ کے ذریعہ بہترین پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ اس کی تکمیل سے پانی کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔ مسٹر ریڈی کا قافلہ جاتے ہی مقامی افراد نے آتش بازی کی جس کی وجہ سے اس کی چنگاریاں ٹینٹ پر گرنے سے ٹینٹ میں آگ لگ گئی ۔ اگر مقامی افراد کچھ وقت قبل آتش بازی کرتے تو ٹینٹ میں موجود وزیر اور رکن اسمبلی و دیگر عہدیدار اس کی زد میں آسکتے تھے ۔ مقامی افراد نے فورا ٹینٹ پر پانی ڈال کر آگ پر قابو پالیا ۔ ٹینٹ میں موجود تمام افراد موجود ہیں ۔ اس موقع پر چکلہ ایلیا منڈل صدر ، وینکٹ ریڈی شمس آباد تحصیلدار ، سریکانت ریڈی ایم پی ڈی او کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔۔