مشن کاکتیہ میں ایک ماہ کی تنخواہ کا عطیہ

کانگریس ایم ایل سی فاروق حسین کا اقدام ‘ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ستائش
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ مشن کاکتیہ کے لیے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں پیش کردی ۔ اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر محمد فاروق حسین نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست میں 40 ہزار تالابوں کا احیاء کرتے ہوئے نظام اور کاکتیہ دور کا احیاء کررہے ہیں جس کی وہ بھر پور ستائش کرتے ہیں حکومت کے اس اقدام سے تلنگانہ میں لاکھوں ایکڑ اراضی قابل کاشت ہوگی ۔ کاکتیہ مشن کے تحت تالابوں کے احیاء کا کام قابل ستائش اور تاریخی کام ہے ۔ ریاست تلنگانہ سارے ملک میں رول ماڈل بن کر ابھر رہا ہے ۔ اور ملک کے دوسری ریاستیں بھی اس کی تقلید کررہی ہیں ۔ چند دن قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے تلنگانہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے زیر زمین پانی کی سطح میں اصافہ کرنے 4 لاکھ تالابوں کو ترقی دینے مرکزی حکومت کی جانب سے امداد فراہم کرنے خصوصی بجٹ مختص کیا ہے ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے کہا کہ مشن کاکتیہ پروگرام سے تلنگانہ میں زیر زمین پانی کی سطح میں یقینا اضافہ ہوگا ۔ جس سے زرعی شعبہ کی ترقی میں غیر معمولی اضافہ ہوگا ۔ جو کسانوں کے لیے سود مند ثابت ہوگا وہ یہ بات شدت سے محسوس کرتے ہیں کہ تمام ارکان جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر مشن کاکتیہ کی تائید و حمایت کریں اور چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا ساتھ دیں ۔ اس اچھے اقدام پر انہیں اپنے مقامی چیف منسٹر کے سی آر پر فخر ہے ۔ جنہوں نے تالابوں کا احیاء کرتے ہوئے آبپاشی پراجکٹس کی ترقی کے لیے کام کررہے ہیں ۔ وہ ملک کے پہلے شخص ہے جنہوں نے آزادی کے بعد ملک زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں ۔ مشن کاکتیہ پروگرام سے وہ بے حد متاثر ہیں جو چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں انجام دیا جارہا ہے ۔ مشن کاکتیہ اسکیم کو مستحکم کرنے کے لیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ایک لاکھ روپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ پیش کررہے ہیں ۔