ریاض ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ریاض کے تمام اسکولس بشمول تارکین وطن زیرانتظام اسکولس بند کردیئے گئے۔ محکمہ تعلیمات نے 2 اپریل کو ریاض میں زبردست ریت کے طوفان کی وجہ سے اسکولس بند کردینے کا اعلان کیا۔ شاہ سعود یونیورسٹی بدران العمر اور نے ریاض اور المزاحمیہ کی شاخوں کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا۔ الخرج ، ہوتات بنی تمیم، الحریق اور حفرالبطین میں بھی خوفناک طوفان نے پورے علاقہ کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ جس سے حد بصارت ختم ہوگئی۔ کئی سڑکوں اور قومی شاہراہوں پر گاڑیاں روک دی گئیں۔ علاقہ کی کئی دکانیں بند کردی گئیں۔ ریاض کے شہریوں کو گھر سے باہر جانے سے منع کردیا گیا۔
گرد کا ایک طوفان پورے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کو چہارشنبہ اور جمعرات کے دن گرفت میں لئے ہوئے تھا جس کی وجہ سے اس علاقہ میں حد بصارت ختم ہوگئی اور تمام سفر ملتوی کردیئے گئے۔ سیٹلائٹ تصویروں میں 2 اپریل کو مشرق وسطیٰ میں گرد کا طوفان دکھایا گیا۔ ریاض میں آسمان کا رنگ شوخ نارنجی ہوگیا تھا۔ ریت کے طوفان کی وجہ سے متحدہ عرب امارات اور قطر میں فضائی سفر اور زمینی سفر دونوں متاثر ہوئے۔ ابوظہبی میں تمام ٹریفک روک دی گئی۔ ایک 24 سالہ شخص کو جو ٹریفک حادثہ میں شدید زخمی ہوا تھا، بذریعہ طیارہ دواخانہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے موٹر رانوں کو رفتار سست کردینے کا حکم دیا اور ابوظہبی میں تمام بس خدمات معطل کردی گئیں۔
دبئی میں ہسپتالوں میں تنفس میں تکلیف کی شکایت کرنے والے مریضوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ تارکین وطن، تعمیراتی مزدور اور دیگر ملازمین کو جو باہر تھے، نقاب پہنا دیئے گئے اور چہروں پر کپڑے لپیٹ لینے کی ہدایت دی گئی تاکہ تنفس میں تکلیف نہ ہو۔ متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات نے جمعہ تک تیز رفتار ہوائیں چلنے کی پیش قیاسی کی ہے جبکہ حد بصارت بتدریج بہتری آئے گی۔ ریت کے طوفان کو جنوب کی سمت یمن اور عمان کی طرف آج دوپہر آگے بڑھتے دیکھا گیا ہے۔