مشرقی گوداوری میں گرمی سے اسکولی تعطیلات میں ایک دن توسیع

راجمنڈری 15 جون ( پی ٹی آئی ) مشرقی گوداوری ضلع میں ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے اسکولس کی تعطیلات میں مزید ایک دن ( پیر کو ) بھی توسیع کردی ہے کیونکہ ضلع میں شدید گرمی کی لہر چل رہی ہے ۔ ضلع کلکٹر نے ایک اعلامیہ میں کہا کہ چونکہ ضلع میں شدید گرمی کی لہر چل رہی ہے اس لئے اسکولس کو تعطیلات میں پیر کے دن تک توسیع دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولس کی کشادگی 17 جون منگل سے عمل میں آئیگی ۔ قبل ازیں کلکٹر نے کل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ضلع میں شدید گرمی کی وجہ سے 31 اموات ہوئی ہیں ۔ انہوں نے عوام کو گرمی سے بچنے ہر ممکن احتیاط کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ محکمہ موسمیات نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وشاکھا پٹنم ‘ مشرقی گوداوری اور مغربی گوداوری کے علاوہ کرشنا اور تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں گرمی کی لہر جاری رہے گی ۔