مشرقی ریاستوں کے بارے میں دو روزہ کانفرنس

نئی دہلی، 14 ستمبر (یو این آئی) ملک کی مشرقی ریاستوں میں انتظامی مشینری کو درست کرکے ایک درجن ریاستوں میں عام معمولات زندگی میں بنیادی تبدیلی لانے کی مودی حکومت کی نیت کے مطابق کل سے آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں دو روزہ کانفرنس شروع ہو رہی ہے ۔ شہریوں کی خدمات کے نظام کو زیادہ موثر بنانے والے نئے اقدامات پر مبنی اس علاقائی کانفرنس کا آسام کے وزیر اعلی سرواند سونووال کل گوہاٹی میں افتتاح کریں گے ۔ انتظامی بہتری اور عوامی شکایت کے مرکزی حکومت کے محکمہ کی جانب سے منعقد اس کانفرنس میں شمال مشرقی کی آٹھ ریاستوں کے ساتھ ساتھ مغربی بنگال، بہار، اڑیسہ اور جھارکھنڈ بھی شامل ہوں گے ۔ اس کانفرنس میں عوام رُخی حکومت کے نفاذ اور ای-حکومت کے ذریعے موثر سروس، جوابدہ اور عوام دوست انتظامیہ کے طور طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایک سیشن میں صحت اور تعلیم کی خدمات، ای دفتر اور عوامی شکایت کا ازالہ، سیاحت مشن، انٹیگریٹڈ بیسن ڈیولپمنٹ لائیولی ہڈ پروگرام، سائبر سیکورٹی اور دور افتادہ اور ناقابل رسائی علاقوں کی ٹیلی لنکنگ پر الگ الگ سیشن منعقد کئے جائیں گے ۔