کوپانگ 28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی انڈونیشیاء آج 6.2 شدت کے طاقتور زلزلے سے دہل گیا تاہم سونامی کی وارننگ نہیں دی گئی اور فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ امریکی محکمہ طبقات الارض نے کہاکہ جزائر تیمور کے انڈونیشیائی علاقہ میں جنوب مشرقی کوپانگ میں ساحل کے قریب آٹھ کیلو میٹر کی معمولی گہرائی میں زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کے بعد قریبی علاقہ میں 5.6 شدت کے جھٹکے ہوئے۔ عینی شاہدین نے اس جھٹکے کو پہلے زلزلے سے زیادہ طاقتور قرار دیا جو چند سیکنڈس تک جاری رہا۔ اے ایف پی کے ایک رپورٹر نے کوپانگ میں کہاکہ ’’مَیں اپنے دفتر کی دوسری منزل پر تھا اور زلزلے کے سبب ہر کوئی باہر کی طرف بھاگنے لگے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’تمام کرسیاں دہل رہی تھیں… ہم پہلے سے لومبوک کے زلزلوں سے سراسمیگی کے شکار تھے۔ جزیرہ لومبوک کے زلزلے میں تقریباً 555 افراد ہلاک ہوگئے تھے‘‘۔