مشرف کی والدہ کو لانے خصوصی طیارہ بھیجنے تیار ہیں : حکومت

اسلام آباد ، 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے سابق صدر کو والدہ سے ملوانے کیلئے تعاون کی پیش کش کردی ہے جیسا کہ وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ مشرف کی والدہ کو پاکستان لانے کیلئے خصوصی طیارہ دبئی بھیجنے کو تیار ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مشرف کو محفوظ راستہ نہیں دیا جائے گا، مشرف سے پہلے مفاہمت کی، نہ اب کریں گے اور مستقبل کا فیصلہ آزاد عدلیہ کرے گی۔ اس طرح نواز شریف حکومت نے نہ صرف مشرف کو محفوظ راستہ دینے کا امکان مسترد کردیا بلکہ ان کے ملک میں ہی رہنے کا جواز بھی فراہم کردیا ہے۔ ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکلوانے کیلئے مشرف کا یہ موقف بھی تھا کہ وہ اپنی علیل والدہ کی عیادت کیلئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ مشرف کی والدہ کو پاکستان لا کر حکومت انہیں علاج کیلئے بھی بھرپور سہولتیں فراہم کرے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مشرف کے خلاف مقدمات میں حکومتی قانونی ٹیم ثبوت عدالتوں میں پیش کرے گی۔