مشرف کی صیانتی چوکسی پر عدالت کی وضاحت طلبی

سابق صدر کو لاحق خطرہ کی شدت اور نوعیت کی وضاحت کی ہدایت
اسلام آباد 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے اعلیٰ سراغ رسانی عہدیداروں کو مقدمہ کی سماعت کے دوران طلب کیا جس کی فلمبندی جاری تھی اور حالیہ صیانتی چوکسی کے انتباہ کی وضاحت طلب کی جو پرویز مشرف پر امکانی حملے کے پیش نظر جاری کی گئی تھی۔ جسٹس فیصل عرب کی زیرقیادت 3 رکنی بنچ غداری کے مقدمہ کی سماعت کررہی ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس عرب نے کہاکہ عدالت چاہتی ہے کہ مشرف کو لاحق خطرے کی شدت اور نوعیت سے عدالت کو واقف کروایا جائے۔ اُنھوں نے چوکسی کے انتباہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کہاکہ اِس مسئلہ کی تفصیلات پیش کی جائیں اور محکمہ سراغ رسانی کے سربراہ کو اِس چوکسی کی ہدایت کا ذمہ دار قرار دیا اور دریافت کیاکہ اُن کے عدالت میں کل حاضر ہونے کا امکان ہے یا نہیں؟ معتمد داخلہ محکمہ سراغ رسانی کے دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ کل عدالت میں پیش ہوں گے۔ اِس کے ساتھ ہی مقدمہ کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

ممبئی حملوں کے مقدمہ کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی
لاہور 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) 2008 ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں کے مقدمہ کی سماعت 7 مشتبہ ملزمین کے خلاف آئندہ ہفتہ تک ملتوی کردی گئی۔ کیونکہ جج صیانتی اندیشوں کی بناء پر عدالت میں حاضر نہیں ہوسکے تھے۔ اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ کورٹ پر حالیہ حملہ کے پیش نظر مقدمہ کی سماعت کرنے والے جج حاضر نہیں ہوئے۔ عدالت کے دفتر نے مقدمہ کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی۔ وکیل استغاثہ اعلیٰ چودھری اظہر پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ مقدمہ کی کارروائی میں شریک نہیں ہوسکیں گے ، جب تک کہ اُن کے لئے بے عیب حفاظتی انتظامات نہیں کئے جاتے۔ ممبئی مقدمہ کی سماعت 7 ملزمین بشمول لشکر طیبہ کے کمانڈر ذکی الرحمن لکھوی کے خلاف جاری ہے۔