اسلام آباد ، 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی تین رکنی خصوصی عدالت نے ملک کے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی اُن درخواستوں کو خارج کر دیا ہے جن میں خصوصی عدالت کی تشکیل اور اس میں شامل ججوں پر اعتراضات اُٹھائے گئے تھے۔ خصوصی عدالت نے جمعہ کو اپنے مختصر فیصلے میں سابق صدر کی ان دونوں درخواستوں پر کہا کہ وہ میرٹ کے مطابق نہیں ہیں۔ سابق صدر کے خلاف غداری سے متعلق مقدمے کی سماعت کیلئے وفاقی حکومت نے ایک خصوصی عدالت تشکیل دے رکھی ہے جو اس معاملے کی سماعت کر رہی ہے۔ لیکن روز اول ہی سے سابق صدر کے وکلاء کا موقف رہا ہے کہ عدالت کی تشکیل کے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے اور اس میں شامل ججوں کا مشرف سے متعلق رویہ متعصبانہ ہے۔ خصوصی عدالت نے مشرف کو 11 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور توقع ہے کہ پیش ہونے پر اُن کے خلاف فرد جرم عائد کی جائے گی۔