اسلام آباد 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کے وکلاء نے آج اُن کے خلاف غداری کے مقدمہ کی سماعت محفوظ مقام پر منتقل کردینے کی درخواست دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی طالبان سے اُن کے موکل اور خود اُن کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ وکلاء نے اُنھیں وصول ہونے والے تحریک طالبان پاکستان کا ایک مکتوب بھی پیش کرتے ہوئے کہاکہ اگر مقدمہ محفوظ مقام پر منتقل نہ کیا جائے تو اُن کے لئے مقدمہ سے دستبرداری اختیار کرنے کے علاوہ کوئی اور متبادل نہیں رہے گا۔ مشرف کے وکیل صفائی احمد رضا قصوری نے کہاکہ طالبان مشرف کی صفائی پیش کرنے والی قانونی ٹیم کو مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یہاں ایک قومی لائبریری بھی قائم کی گئی ہے۔ خطرہ کے پیش نظر اگر عدالت وہاں منتقل کی جائے تو بہتر ہوگا۔