پشاور ۔ 31ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ایک ایسے ملزم کو پھانسی دیدی جس نے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی اس طرح سے پشاور کے ملٹری اسکول میں طالبان کے حملہ کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے سزائے موت پر عائد پابندی برخاست کئے جانے کے بعد یہ ساتویں سزائے موت تھی جس پر عمل آوری کی گئی ۔ پاکستانی فضائیہ کے سابق جونیئر ٹکنیشین نیاز محمد کو سابق فوجی حکمراں کو قتل کرنے کی کوشش کا ملزم قرار دیا گیا تھا اور آج صبح سنٹرل جیل میں اُنھیں پھانسی پر چڑھا دیا گیا ۔ 2003 ء میں راولپنڈی میں نیاز محمد نے پرویز مشرف کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی جو خیبرپختونخواہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ اُسے کل تک ہری پور سنٹرل جیل میں رکھا گیا تھا جہاں سے سزائے موت پر عمل آوری کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور سنٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا ۔