اسلام آباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف نے مقتول سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو 2007ء میں پاکستان واپس آنے سے پہلے دھمکی دی تھی۔ ایک امریکی صحافی نے گواہی دیتے ہوئے یہ الزام عائد کیا۔ تاہم جنرل مشرف نے اس کی تردید کردی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صحافیوں مارک سیگل نے عدالت میں گواہی دیتے ہوئے کہا کہ مشرف نے بے نظیر کو اس کی موجودگی میں ٹیلیفون کیا تھا اور پاکستان واپسی پر خبردار کیا تھا۔ ایکسپریس نیوز ٹی وی کے بموجب مشرف نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ایسی کوئی ٹیلیفون کال کرنے کی تردید کردی اور کہا کہ انہوں نے کبھی بھی موبائیل فون استعمال نہیں کیا ہے۔ مشرف پر کئی مقدمے جاری ہیں۔ وہ کراچی میں مقیم ہیں اور انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔