اسلام آباد ، 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ خصوصی عدالت غیر قانونی ہے، اُن کے موکل خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ اور وزیراعظم اپنے وزراء کے غیر سنجیدہ بیانات کا نوٹس لیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر نے بیرون ملک سے واپس آ کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کیا ہے۔ مشرف آئین و قانون پر اعتماد کرتے ہیں، وہ اپنے کیس کا دلیری کے ساتھ سامنا کریں گے۔ قصوری نے کہا کہ خصوصی عدالت کا بنچ سابق چیف جسٹس کا تشکیل کردہ ہے، جو سابق صدر کے خلاف ذاتی عناد پر مبنیہے۔ قصوری نے کہا کہ حکومت خصوصی عدالت کا نیا بنچ تشکیل دے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق صدر آرمی کے سربراہ رہے ہیں، سابق صدر کا کیس آرمی ایکٹ کے تحت چلنا چاہئے، یہ کوئی بھی عام کیس نہیں ہے جو حکومت نے مذاق بنا لیا ہے۔