مسلم قائد کو ڈپٹی چیف منسٹر اور مسلمانوں کو تحفظات کے اعلان پر زور

تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم کے وفد کی کے سی آر سے ملاقات ، تہنیت کی پیشکشی

حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : ریاست تلنگانہ کے پہلے متوقع وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ سے تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم کے صدر و اسٹیٹ سکریٹری تلنگانہ راشٹریہ سمیتی جناب وحید احمد ایڈوکیٹ کی قیادت میں ایک وفد جس میں جناب علی فاروق صدر ایڈوکیٹس فورم فار جسٹس ، جناب محمد نظام الدین جنرل سکریٹری تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم ، میر واجد علی خان ، محمد برہان ، محمد عطا اللہ ، محمد اشرف ، محمد فصیح الدین ، ایم اے روف صدیقی ، خلیل انصاری ، محمد مسیح الدین ، سید فرحت احمد ، محمد مرتضی ، ایم اے نذیر ، ابرار حسین آزاد ، محمد حسین اور دیگر مسلم وکلاء موجود تھے ۔ جناب وحید احمد ایڈوکیٹ صدر فورم نے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے تلنگانہ ریاست کے پہلے متوقع چیف منسٹر ہونے پر اور پارٹی کی اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد و تہنیت پیش کی اور ان سے خواہش کی کہ وہ اپنی پارٹی کے منشور کے مطابق پہلا ڈپٹی چیف منسٹر اپنی پارٹی کے با اعتماد سرگرم پارٹی اقلیتی قائد جناب محمد محمود علی کو نامزد کریں اور اپنے منشور کے مطابق وزراء میں بھی مسلمانوں کو بھی شامل کریں ۔ جلد سے جلد کیوں کہ تعلیمی سال کا آغاز ہونے والا ہے ۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا اعلان کریں ۔ اپنے منشور کے مطابق طلباء کے لیے کے جی تا پی جی تعلیم کا مفت اعلان کریں ۔ وزیر اعلی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد فوری طور پر وقف بورڈ کو جوڈیشری پاورس کی فائل پر دستخط کرتے ہوئے مسلمانوں کے اعتماد کو بحال کریں ۔ اردو زبان کو ریاست تلنگانہ کی دوسری سرکاری زبان قرار دیا جائے ۔ ہر سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں اردو کو پڑھانا لازمی قرار دیا جائے ۔ اقلیتی طلباء کے لیے حکومتی اسکالر شپ منظور کیا جائے ۔ مولانا آزاد ایجوکیشن سوسائٹی قائم کی جائے ۔ طلباء عثمانیہ یونیورسٹی اور دیگر کے خلاف علحدہ تلنگانہ کے موقع پر جھوٹے پولیس کسیس کو برخاست کیا جائے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء کے لیے جو کہ علحدہ تلنگانہ کے لیے شدید جدوجہد کئے تھے ان کو حکومت میں سیاسی طور پر شامل کیا جائے ۔ سچر کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق اس پر عمل کیا جائے ۔ جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن رپورٹ پر عمل کیا جائے ۔ اقلیتوں کو دوسرے طبقات کی طرح سب پلان تیار کیا جائے ۔ متوقع وزیر اعلی جناب کے چندر شیکھر راؤ نے سارے مسائل کو اچھی طرح سن کر عاجلانہ عمل آوری کا تیقن دیا ۔۔