مسلم دنیا کی ترقی کیلئے 2 بلین امریکی ڈالر کا فنڈ

جدہ ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسلامی ڈیولپمنٹ بینک انفراسٹرکچر فنڈ دوم نے مسلم دنیا کو ترقی دینے کیلئے تقریباً 2 بلین امریکی ڈالر فنڈ مقرر کیا ہے۔ آئی ڈی بی گروپ کے صدر احمد محمد علی نے کہا کہ بنک کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر ہم ایک ایسے فنڈ کو مختص کررہے ہیں جس کے ذریعہ ساری مسلم دنیا کو ترقی دی جائے گی۔ آئی ڈی بی فنڈ دوم سب سے بڑا خانگی ایکویٹی انفراسٹرکچر فنڈ ہوگا جس کو اسلامی ڈیولپمنٹ بینک کے تمام 56 رکن ممالک کیلئے وقف کیا جائے گا۔

بینک کے بورڈ آف گورنرس نے احمد محمد علی کو آئندہ 5 سال کیلئے اپنا دوبارہ صدر مقرر کیا ہے۔ آئی ڈی بی فنڈ دوم کو سعودی عرب کی پبلک پنشن ایجنسی، پبلک انوسٹمنٹ فنڈ سعودی عرب، وزارت فینانس بحرین اور وزارت فینانس برونی دارالسلام کی سرپرستی حاصل ہے۔ ان کا رقمی تعاون تقریباً 750 ملین ہے۔ 2015ء تک ماباقی نشانہ کو پورا کرلیا جائے گا۔ اس فنڈ کے ذریعہ مسلم دنیا میں برقی پیداوار، مواصلات اور ٹرانسپورٹیشن شعبہ کے اہم انفراسٹرکچر کو فروغ دیا جائے گا۔ آئیل اور گیس میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ریفائنری اور پٹرو کمیکلس، اسٹیل اور المونیم، مائننگ، صحت نگہداشت، تعلیم اور مالیاتی خدمات کیلئے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ آئی ڈی بی انفراسٹرکچر فنڈ اول کے تحت 730 ملین امریکی ڈالر کے کامیاب مصارف کے بعد آئی ڈی بی فنڈ سیکنڈ دوم شروع کیا جارہا ہے۔