مسلم دانشوروں کا مسلمانوں کے بارے میں وزیراعظم کے بیان کا خیرمقدم

علی گڑھ۔ 21؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ مسلم دانشوروں کی ایک انجمن نے وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انھوں نے ہندوستانی مسلمانوں کی حب الوطنی کی ستائش کی ہے۔ مسلم اسٹڈیز اینڈ انالیسس فورم نے آج ایک قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ان کے اس فرقہ کی ملک کے لئے مثبت قربانیوں کو تسلیم کرنا ایک اہم بیان ہے۔ وزیراعظم نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ مسلم برادری کے حال ہی میں جس طرح جذبات مجروح ہوئے ہیں، کیونکہ بعض انتہا پسند بی جے پی قائدین نے مسلمانوں کے خلاف سخت بیانات دیئے تھے۔

فورم نے اپنی قرارداد میں پرزور انداز میں کہا کہ وزیراعظم کو چاہئے کہ ان بیانات سے مسلم برادری کے جذبات مجروح کئے گئے ہیں، اس کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انتشار پسند فرقہ پرست ایجنڈہ کے ذریعہ ان کی پارٹی کے دو ارکان اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں۔ انھیں اس سے روکنے کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ صرف یہی طریقہ ہے جس سے ملک کے ترقیاتی منصوبوں کے فوائد حاصل ہوسکیں گے۔ قرارداد میں مسلم برادری سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ انھیں خارجی طاقتوں کے گھناؤنے عزائم کو ناکام بنانا چاہئے جو ملک کی پرامن فضاء کو بگاڑنا چاہتے ہیں، کیونکہ مسلمان بھی حب الوطنی کے سلسلہ میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔