نئی دہلی28مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مسلم خواتین کو ”نئی روشنی” اسکیم سے بھرپور فائد اٹھانا چاہیے کیونکہ آج بھی مسلم خواتین میں تعلیمی اور سماجی بیداری کی سخت ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہاردہلی سوشل ویلفیئر بورڈ کی چیرپرسن ڈاکٹر سدرشن پاٹھک نے سہیوگ وکاس سمیتی کے زیر اہتمام وزارت برائے اقلیتی امور کی ”نئی روشنی” اسکیم کے دسویں اور آخری ٹریننگ کیمپ کے اختتام کے موقع پرکیا۔انھوں نے مزید کہاکہ عموماً تمام خواتین کو اور خصوصاً مسلم خواتین کو اپنے حقوق کے بارے میں معلومات حاصل کرنی چاہیے تاکہ وقت کی ضرورت پڑنے پر اپنے لیے وہ حق کی لڑائی لڑسکیں۔سیلم پور میں اختتامی پروگرام میں موجود خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمیں سہیوگ وکاس سمیتی کاشکریہ ادا کرناچاہیے کہ ان کے توسط سے حکومت ہند کی یہ اسکیم آپ تک پہنچی آپ سبھی خواتین کو نہ صرف خود ان اسکیموں کی جانکاری حاصل کرنی چاہیے بلکہ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں تک بھی اسے پہنچانا چاہیے ۔ان اسکیموں کے ذریعہ خود کو خود مختار بناکر ملک اور سماج کے تئیں اپنی ذمہ داری بخوبی اداکرسکتی ہیں۔
اس موقع پر مہمانان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ ریحانہ اور محترمہ گیتا شرما نے جلسہ کوخطاب کیا اور خواتین سے متعلق حکومت ہند کی مختلف اسکیموں کی جانکاری دی اور ان اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی صلاح بھی دی۔اس سے قبل سہیوگ وکاس سمیتی کے سکریٹری سریش چندر شکلا نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا اورسوسائٹی کے اغراض ومقاصدبیان کیے ۔اس موقع پرشریا، عمران ، عالیہ، ریحانہ ، گیتا شرما،مینا دیوی، رجت کمار،نوشاد احمدبھی موجود تھے ۔پروگرام میں بڑی تعداد میں مقامی مرد و خواتین نے حصہ لیا۔مسٹر شکلا نے سبھی مندوبین ومہمانوں کا شکریہ اداکیا۔