حیدرآباد۔ 15 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عیدالاضحی کے موقع پر ایک مسلم خاندان نے ہندو خاتون کی آخری رسومات انجام دیتے ہوئے رواداری کا عملی ثبوت دیا۔ 85 سالہ بونڈماں جو پرشانت نگر، قاضی پیٹ ضلع ورنگل کے اولڈ ایج ہوم میں رہتی تھی، اس کے شوہر کی چند سال قبل موت واقع ہوگئی۔ پیر کی شب بونڈماں کی موت پر رشتہ داروں سے ربط کیا گیا تو انہوں نے گنیش تہوار کے باعث معذوری کا اظہار کیا، ایسے میں محمد چھوٹو نے جو اولڈ ایج ہوم چلاتے ہیں، انہوںنے پہلے نماز عیدالاضحی ادا کی، پھر وہ اور اہلیہ یعقوب بی اور دیگر شمشان گھاٹ گئے جہاں بونڈماں کی ہندو رسم کے مطابق آخری رسومات انجام دی گئیں۔ یعقوب بی نے اولڈ ایج ہوم کے ایک اور 75 سالہ کے سرینواس کی بیٹی بن کر آخری رسومات انجام دی تھی کیونکہ سرینواس کے بیٹے شرت نے عیسائیت قبول کرلیا اور آخری رسومات انجام دینے سے انکار کردیا تھا۔