مسلم اکثریتی صوبہ سنکیانگ میں تشدد پر 39 افراد کو سزا
بیجنگ ، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین نے 39 افراد کو 15 سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں کیونکہ وہ مسلم غلبہ والے شورش زدہ صوبہ سنکیانگ میں ’’دہشت گردانہ سرگرمیوں‘‘ اور تشدد بھڑکانے میں ملوث ہوئے، جہاں اس خطہ کی آزادی کیلئے لڑنے والے اسلام پسند جنگجوؤں کی جانب سے کئی مہلک حملے دیکھنے میں آئے ہیں۔ سنکیانگ ریجنل ہائیر پیپلز کورٹ کے ترجمان یو ہوئیتانگ نے کہا کہ ’’خاطیوں‘‘ کو 31 مارچ سے 16 علحدہ ٹرائلس میں سزائیں سنائی گئیں کیونکہ ’’ان لوگوں نے ایسے ویڈیو پھیلائے جن کے ذریعہ تشدد پر اکسایا گیا، وہ لوگ دہشت گردانہ سرگرمیاں چلاتے ہوئے اس میں ملوث ہوئے، انھوں نے نسلی منافرت کی وکالت کی اور غیرقانونی طور پر آتشیں اسلحہ بنائے‘‘۔ ’’جہاد‘‘ کی پاداش میں دو مشتبہ ملزمین کو 14 اور 15 سال کی بڑی سزائیں ملیں۔