مسلمان شادیوں کو آسان بنائیں ، اسراف کو ختم کریں

سنگاریڈی /23 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جھوٹی شان و شوکت کے مظاہرے اور لین دین اور جہیز کی لعنت کے اس پرآشوب دور میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اور اس کے والدین نے ملت اسلامیہ کیلئے سادگی کا ایک بہترین عملی نمونہ پیش کرتے ہوئے عین سنت کے مطابق بنا کسی لین دین اور جہیز سادگی کے ساتھ مسجد میں نکاح کیا جس کا ہر طبقہ کی جانب سے خیرمقدم کیا جارہا ہے ۔ اس تقریب نکاح میں جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد ، جسٹس ای اسمعیل ، جناب محمد افتخار چیرمین فیض عام ٹرسٹ اور جناب علی سعید الگتمی تلگودیشم پارٹی قائد کے علاوہ ملت اسلامیہ کی سربراہ آور شخصیات نے شرکت کی۔ سنگاریڈی کے معروف تاجر جناب ایم اے مبین سیٹھ مالک قدیر اینڈ سنس کی دختر نیہا تسکین بی ٹیک کی شادی جناب محمد عظیم الدین کے فرزند محمد آصف الدین بی ٹیک کے ساتھ کل بعد نماز عصر مسجد دیندار خان سنگاریڈی میں انتہائی سادگی کے ساتھ انجام پائی ۔ اس موقع پر مسجد میں ایک نشست کا اہتمام کیا گیا جس کو جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان آج سماجی ، معاشی ، تعلیمی طور پر پسماندہ ہیں ۔ مسلمانوں کو اپنا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ان کی پسماندگی کی آخر کونسی وجوہات ہے ۔ مسلمان اپنے معاشرہ کو درست کریں اور شادیوں کے انعقاد کو آسان بنائیں ۔ اسراف کو ختم کریں ادارہ سیاست کی جانب سے ملت اسلامیہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے جس کی ساری دنیا میں پذیرائی کی جارہی ہے ۔ ادارہ سیاست کی جانب سے حیدرآباد میں 31 ہزار سے زائد مسلم لاوارث میتوں کی تدفین عمل میں لائی گئی جبکہ دو بدو پروگرام کے تحت 4 ہزار سے زائد شادیوں کے رشتہ طئے ہوئے ہیں ۔ شادیوں میں جھوٹی شان ، دکھاوا اور اسراف کو ختم کرنے ان کی جانب سے شروع کردہ ایک کھانہ ایک میٹھا تحریک کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور کامیابی کے ساتھ فروغ پارہی ہے ۔ سنگاریڈی کی اس شادی میں بھی شرکت ان کی تحریک کا حصہ ہے چونکہ جو لوگ سنت کے مطابق سادگی کے ساتھ شادی کر رہے ہیں ان کی ہمت افزائی ضروری ہے اور اس پیغام کو عام کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جین طبقہ کی شادیوں میں 140 اقسام کے پکوان ہوا کرتے تھے لیکن انہوں نے بھی اسراف کو ترک کردیا اور اب صرف 40 پکوان پر اکتفا کر لیا ہے اور ہم نے اپنی شادیوں کو آسان کی جگہ مشکل میں تبدیل کرلیا۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ وہ اپنے پوتے ، پوتری ، نواسے اور نواسیوں کی شادیاں سادگی کے ساتھ کریں گے اور اس محفل میں موجود تمام افراد بھی یہ عہد کریں وہ اپنی یا اپنے بیٹوں کی شادیاں سادگی کے ساتھ کریں گے ۔ مولانا احمد عبیدالرحمن نے کہا کہ آج کی اس شادی میں شرکت کرتے ہوئے وہ مسرت محسوس کر رہے ہیں چونکہ یہ شادی سنت کے مطابق ہو رہی ہے ۔ مولانا محمد ریاض الدین ناظم جماعت اسلامی ضلع میدک نے مسلم غریب لڑکیوں کی بغیر لین دین کی شادیوں کی ضرورت پر زور دیا ۔ مولانا مفتی اسلم سلطان قاسمی نے نکاح نامہ کے مطالعہ کی ترغیب دی ۔ حافظ و قاری محمد عبدالرزاق نے کہا کہ مسلمان بیجا رسومات اختیار کرنے کی وجہ سے شادیوں کو آسان بنانے کی جگہ بوجھ بنادیا ہے ۔ اس کے تدارک کی ضرورت ہے ۔ ایم اے حکیم ایڈوکیٹ نے کارروائی چلائی ۔ محفل میں ایم اے مجیب صدر مسجد کمیٹی ایم اے سبحان ، مولانا شاہ محمد مشرف ، حسین ذکی ، محبوب علی اسیر کے علاوہ سنگاریڈی کے معززین دوست احباب و رشتہ داروں نے شرکت کی ۔