حیدرآباد۔/2ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر میں جانوروں کی قربانی کے تعلق سے عوام میں پائی جانے والی تشویش کے پیش نظر ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی نے آج کلکٹر ضلع حیدرآباد سے حالیہ جاری کردہ امتناعی احکامات کے ضمن میں وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کسی کے بھی مذہبی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی قربانی پر امتناعی احکامات کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر حیدرآباد راہول بوجا سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے ان احکامات کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا اور انتظامی غلطی کا اعتراف بھی کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے واضح طور پر کہا کہ جانوروں کی قربانی پر کسی قسم کا امتناع عائد نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ بے خوف ہوکر عیدالاضحی منائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت سیکولر ہے جو تمام مذاہب و طبقات کا احترام کرتی ہے۔ ضلع کلکٹر نے قربانی کے سلسلہ میں امتناعی احکامات جاری کرتے ہوئے مسلمانوں میں بے چینی پیدا کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روز نامہ ’سیاست‘ میں خبر کی اشاعت پر وہ خود حیرت زدہ تھے۔ انہوں نے فوری کلکٹر حیدرآباد سے ان احکامات کے بارے میں وضاحت طلب کی۔ جناب محمود علی نے کہا کہ جانوروں کی منتقلی میں بھی کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا اور اس ضمن میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری ہراساں نہ کریں۔ پولیس کو خاص طور پر یہ ہدایت دی گئی ہے کہ اضلاع اور مضافاتی علاقوں میں جانوروں کی منتقلی کو جس طرح متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ان پر خصوصی نظر رکھی جائے۔