مسلمانوں کے ساتھ کے سی آر کے وعدے وفا ہوں گے

تشکیل تلنگانہ پر تلنگانہ عوام کو مبارکباد کی پیشکشی، جناب محمد محمود علی کا بیان

حیدرآباد۔/22فبروری، ( پریس نوٹ ) جناب محمد محمو د علی ایم ایل سی ، صدر اقلیتی سل ٹی آر ایس نے سارے تلنگانہ کے عوام کو تلنگانہ ریاست کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تلنگانہ عوام کی جیت ہے جو اپنے حق کے لئے مسلسل 56سال سے جدوجہد کررہے تھے جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دی۔ تمام دانشوران تلنگانہ، تلنگانہ جے اے سی، تلنگانہ مسلم جی اے سی، جماعت اسلامی، ایم پی جے، نوجوان طلباء، تمام وکلاء اور مدیران روزنامے بالخصوص سیاست ، منصف، رہنمائے دکن اور دیگر کے تہہ دل سے شکر گذار ہیں کہ ان تمام کی جدوجہد کی وجہ سے اور خاص کر تلنگانہ کے مہاتما اور رہبر جناب کے چندر شیکھر راؤ کی حکمت عملی اور دوراندیشی کی وجہ سے تلنگانہ حاصل ہوا۔ خاص کر وہ نوجوان جنہوں نے علحدہ تلنگانہ کے لئے اپنی جان کی قربانی دی ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں ضرور ان تمام لوگوں کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام قوموں کے ساتھ انصاف ہوگا۔

بالخصوص مسلم بھائیوں سے کہا کہ جو جو وعدے تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے مسلمانوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے ہیں وہ ضرور پورے کئے جائیں گے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا ایک ہی مقصد ہے تلنگانہ حاصل کرنا، اور تمام قوموں کے ساتھ انصاف کرنا بالخصوص مسلم قوم کے ساتھ کیونکہ مسلمان جو سابق میں حکمران تھے آج دلتوں سے بھیکمزور ہوگئے ہیں۔ یہ ہم نہیں کہہ رہے ہیں بلکہ حکومت کی قائم کردہ سچر کمیٹی خود اپنی رپورٹ میں بتا چکی ہے کہ مسلمان دلتوں سے بھیکمزور ہیں۔ اس لئے جناب محمود علی نے تمام مسلم بھائیوں سے اپیل کی کہ ان کی ترقی اور ان کی خوشحالی، ان کی تعلیم، وقف جائیدادوں کا تحفظ، اردو زبان کا تحفظ، سرکاری ملازمتوں میں 12فیصد تحفظات اور ہر سرکاری اسکیم میں مسلمانوں کو ان کی آبادی کے تناسب کا حصہ دیا جائے گا۔ جناب محمود علی نے علحدہ تلنگانہ کے اعلان پر تمام مسلم بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ مکہ مسجد میں بروز اتوار 23فبروری کو نماز ظہر ادا کریں اور بعد نماز ظہر، نماز شکرانہ ادا کریں۔ اس سلسلہ میں مسلمانوں کی ترقی کیلئے خصوصی دعاء کا اہتمام کیا گیاہے۔آپس سے شرکت کی گذارش کی جاتی ہے۔