نرسا پور چوراہے پر ٹی آر ایس امیدوار کی انتخابی مہم ، جناب محمد محمود علی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر ( سیاست نیوز ) میدک ضمنی انتخابات تلنگانہ عوام کے لئے اہمیت کے حامل ہیں۔ بالخصوص جبکہ تلنگانہ کی حقیقی سیاسی جماعت کے مدمقابل مخالف تلنگانہ تحریکوں کی علمبردار سیاسی قائدین میدک میں ٹی آر ایس امیدوار کے خلاف تحریک انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی نے نرساپور میںمنعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ بی جے پی امیدوار جگا ریڈی کا تلنگانہ کے مخالفین میں شمار ہے جو کسی بھی صورت میں میدک سے کامیاب نہیں ہونگے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ 2014کے عام انتخابات میں کانگریس اور تلگودشیم بی جے پی اتحادی امیدوارکو عوام نے مسترد کرتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی کے امیدواروں کو منتخب کیاہے باوجود اسکے میدک ضمنی انتخابات میں مذکورہ امیدوار کو دوبارہ الیکشن میںحصہ لینا ایک تلنگانہ کی عوام کے جذبات سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے متعلق جگا ریڈی کا رویہ ہمیشہ مشکوک رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سنیتا لکشما ریڈی جو کانگریس کی امیدوار ہیں انہیں بھی میدک کی عوام مستر د کرچکی ہے باوجود اسکے بی جے پی سے ساز باز کے ذریعہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کو ہرانے کی سازش کررہی ہیں جس کو میدک کی عوام کبھی کامیاب نہیںہونے دیں گی۔انہوں نے میدک کے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے اس موقع پر اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ گمراہ کن پروپگنڈوں سے بچتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی کے امیدوار کے پربھاکر ریڈی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ ٹی آر ایس پارٹی سربراہ وچیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو کے سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے خواب کو پورا کرنے میںان کی مدد کی جاسکے اور سکیولر طاقتوں کو تلنگانہ میںمضبوط استحکام کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میںمسلمانوں کا نوابوں اور جاگیرداروں میںشمار کیا جاتا تھا مگر پچھلے ساٹھ سالوں میں فرقہ پرست طاقتوں نے مسلمانوں کا پسماندہ طبقات سے برا حال کردیا۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی تلنگانہ میں مسلمانوں کے کھوئے ہوئے وقار کی بازیابی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح آصف جاہ سابع ریاست حیدرآباد کے ہندو اور مسلمانوں کو اپنی دو آنکھیں کہا کرتے تھے اسی طرح وزیراعلی مسٹر کے چندرشیکھر رائو بھی تلنگانہ کے ہندواور مسلمانوں کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میدک ضمنی انتخابات کے نتائج تلنگانہ میںفرقہ پرستی کے فروغ میںکوشاں سیاسی جماعتوں کے لیے منھ توڑ جواب ثابت ہوں گے۔