مسلمانوں کی فلاح و بہبودی کیلئے ٹی آر ایس حکومت پابند

ائمہ کو اعزازیہ، مسلم لڑکیوں کو شادی مبارک، اقامتی اسکولس
غریب لڑکوں کو بیرون ملک تعلیم کیلئے اسکالرشپ کی منظوری
کے سی آر کا تاریخ ساز فیصلہ ۔ ٹی سرینواس کا بیان
حیدرآباد 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹی آر ایس حکومت کوشاں ہے۔ گزشتہ 60 برسوں میں جو کارنامہ نہیں کیا گیا وہ صرف اور صرف ساڑھے چار سال کے عرصہ میں کر دکھایا۔ مسلمانوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا ٹی آر ایس کی اولین ترجیح ہے۔ مسلم لڑکیوں کیلئے ایک لاکھ 16 ہزار روپئے بطور تحفہ شادی مبارک کے ذریعہ مسلم لڑکیوں کو مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ کارگذار وزیر ٹی سرینواس یادو و امیدوار حلقہ اسمبلی صنعت نگر نے ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو 2000 کروڑ روپئے منظور کئے گئے جو تاریخی مثال ہے۔ تلنگانہ کے ائمہ کو فی کس ہر ماہ 6 ہزار روپئے اعزازیہ فراہم کیا جارہا ہے جو قابل تحسین ہے۔ بیرون ممالک میں زیرتعلیم طلباء کو 20 لاکھ روپئے اوورسیز اسکالر شپ فراہم کیا جارہا ہے۔ غریب مسلم لڑکے لڑکیوں کے لئے اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کئے جانے سے تعلیم کو خاص توجہ دی جارہی ہے۔ بچہ مزدوری کرنے والے بھی ان اقامتی اسکولس سے استفادہ کررہے ہیں۔ مسلمانوں کے کئی حساس مسائل کو سنجیدگی کے ساتھ کے سی آر نے حل کیا، دوبارہ انھیں اقتدار پر لاتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔