نیویارک ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کوانٹیکو اسٹار پرینکا چوپڑا نے آج ری پبلیکن صدارتی امیدوار کی دوڑ میں سب سے آگے ڈونالڈ ٹرمپ کے اس بیان پر شدید نکتہ چینی کی جہاں انہوں نے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلہ پر پابندی عائد کرنے کی بات کہی تھی ۔ پرینکا چوپڑا نے کہا کہ کسی مخصوص طبقہ پر پابندی لگاکر ٹرمپ آخر ثابت کیا کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم کوئی پتھر کے زمانے میں نہیں رہتے ۔ ہالی ووڈ میں بھی اس وقت ہندی فلموں کی مشہور اداکارہ پرینکا چوپڑا کا کیرئیر بلندی پر ہے اور ٹائم میگزین نے پرینکا کو ایسے سو افراد کی فہرست میں شامل کیا ہے جو انتہائی بارسوخ ہیں ۔ ڈونالڈ ٹرمپ کا نام بھی فہرست میں شامل ہے اور اتفاق سے دونوں ہی نے کل اس تقریب میں شرکت کی تھی ۔ پرینکا نے کہا کہ کسی بھی مخصوص فرقہ پر یا مذہب کے ماننے والوں کا امریکہ میں داخلہ روکنا نہ صرف انتہائی غیر مناسب بلکہ غیر مہذب بات بھی ہے ۔ 33 سالہ اداکارہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اتنی طویل اور پیچیدہ ہوگئی ہے کہ اس سے آپ کسی بھی مخصوص فرقہ یا مذہب کے افراد کو نہیں جوڑ سکتے ۔ کسی بھی مذہب کا ماننے والا دہشت گرد ہوسکتا ہے بلکہ ایسا کہنا مناسب ہوگا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب ہی نہیں ہوتا ۔ یاد رہے کہ ٹرمپ کے اس بیان پر قبل ازیں بھی کئی نامور ہستیوں نے شدید تنقید کی تھی ۔۔