رمضان المبارک میں ہر جمعہ کو مساجد کے باہر دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ
حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ریاست گیر تحریک کا آغاز کرنے اور مقد س ماہ رمضان کے ہر جمعہ کے موقع پر ریاست کی تمام مساجد کے باہر دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ آج یہاںتلنگانہ میناریٹی ریزرویشن یونائٹیڈ فرنٹ کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایم آر یو ایف جناب حنیف احمد‘ پروفیسر انور خان‘ عثمان بن محمد الہاجری‘ ثناء اللہ خان اور دیگر نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو نے اپنی چودہ سالہ تلنگانہ تحریک کے دوران علاقہ تلنگانہ کے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی دہائی دیتے رہے اور علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد مسلمانوں کو آبادی کے تناسب سے تحفظات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی وعدہ کیا جس کو تلنگانہ تحریک سے جڑے تمام تنظیموں کی حمایت بھی حاصل رہی۔ انہوں نے کہاکہ اب جبکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل ایک سال گذر چکا ہے اور تلنگانہ میں ایک لاکھ سے زائد سرکاری جائیدادوں پرتقررات عمل میںلائے جارہے ہیں تو مسلمانو ںکو اس سے محروم رکھنے کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے سازشیں کی جارہی ہیں۔ جناب حنیف احمد نے کہاکہ مسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات کے مسلئے میںالجھاکر رکھنے کے لئے حکومت تلنگانہ سدھیر کمیٹی کا تشکیل کا اعلان کیا ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیںہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری جائیدادوں پرتقررات سے قبل مسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات کی فراہمی حکومت تلنگانہ کی ذمہ داری ہوگی۔جناب عثمان بن محمد الہاجری نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود ریاست میں اوقافی جائیدادوں کا تحفظ اور مسلمانو ں کے ساتھ انصاف کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔ انہوں نے ٹولی مسجد کی وقف اراضی پر غیرمجاز تعمیرات کو مہندم کرنے ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود پولیس اور حکومت کی نااہلی کو قابلِ افسوس قراردیا۔ انہوںنے ایم آر یو ایف کی جانب سے شروع کی جانے والی دستخطی مہم سے مکمل تعاون کا بھی اعلان کیا۔