مسلمانوں کو ملک کے حالات سے مایوس نہ ہونے کا مشورہ

تحریک مسلم شبان کا اجلاس، صدر تحریک محمد مشتاق ملک و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/24 جون، ( پریس نوٹ ) ملک میں فرقہ پرستی کاشیطان پوری طاقت سے رقص کررہا ہے۔ مسلمانوں کے اندر خوت اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے کیلئے سفر کرنے والے، مزدوری کرنے والے، کھیتوں میں کام کرنے والے، مویشیوں کو چَرانے والے مسلمانوں کو ہجوم تشدد کا نشانہ بنارہا ہے اور ان علاقوں کی پولیس قاتلوں، غنڈوں، بدمعاشوں کی کھلی حمایت کررہی ہے۔ ہندوستان کا مسلمان ان ناپاک حرکتوں سے خوف زدہ نہیں ہوگا۔ پورے ملک میں حالات کا مقابلہ کرے گا۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان جو آج صدر دفتر شبان اعظم پورہ میں عید ملاپ تقریب کی صدارت کررہے تھے کہا کہ ملک کی لوک سبھا سیٹوں کا ہم نے جائزہ لیا 140 تا 160 سیٹیں ایسی ہیں جہاں مسلمان فیصلہ کن ہیں، ملک میں آج بھی اقتدار مسلمانوں کا مرہون منت ہوگا۔ مسلمانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں حالات کی سنگینی کا جائزہ لیں اور پامردی سے مقابلہ کریں۔ فرقہ پرست اس وقت مایوسی کا شکار ہیں اوچھی حرکتوں پر اُتر آئے ہیں۔ تحریک مسلم شبان دینی وملی بنیادوں پر اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ رمضان المبارک کی ایک بڑی مہم بدر، فتح مکہ، قرآن کے پیغام کے بعد اب ماہ ربیع الاول میں 12 بڑے مرکزی جلسے شہر و اضلاع میں سیرت طیبہ ؐ کے مختلف عنوانات پر منعقد کرنے کا فیصلہ تحریک مسلم شبان نے کیا ہے۔