مسلمانوں کو مرتے دم تک ایمان کی شمع کو روشن رکھنے کی تلقین

آل انڈیا مسلم فرنٹ کا جلسہ و مشاعرہ ، محمد عثمان شہید و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : ہندوستان کے مسلمانوں کو ہر حال اور بہر قیمت بحیثیت مسلمان اس ملک میں زندہ رہنا ہوگا اور مرتے دم تک ایمان کی شمع کو دل کے نہال خانہ میں روشن رکھنا ہوگا ۔ آج آر ایس ایس ایک منصوبہ بند طریقے سے سازش کررہی ہے کہ اس کے دور اقتدار میں مسلمانوں کا نام لوح زمانہ سے حرف غلط کی طرح مٹا دیا جائے ۔ جیسے اسپین کے مسلمانوں کا نام و نشان ان کی تہذیب تاریخ فرانس سے مٹادیا گیا ۔ اسی سفلی مقصد کے لیے آر ایس ایس کے بعض افراد نے یہ اعلان کیا کہ ہر ہندوستانی شہری ’ ہندو ‘ ہے ۔ شیوسینا نے فوراً ہی اس کے ہاں میں ہاں ملائی ۔ طرفہ تماشہ یہ کہ نام نہاد مسلمان خاتون وزیر شریمتی نجمہ ہبت اللہ نے بھی مرغ بادنما کا روپ دھار کر اعلان کیا کہ ہر ہندوستانی شہری کو ہندو کہنے میں قباحت ہی کیا ہے ؟ محترمہ نے دراصل نمک کا حق ادا کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد عثمان شہید صدر آل انڈیا مسلم فرنٹ نے فرنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عید ملاپ میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس حقیقت پر بھی ہے کہ مسلم لیڈروں ارکان اسمبلی ارکان پارلیمان ، دانشور حضرات اور مسلم تنظیموں کی جانب سے آر ایس ایس کے اس مطالبے کی مذمت پر زور انداز میں نہیں کی جارہی ہے لگتا ہے بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد مسلمانوں کو سانپ سونگھ گیا ہے ۔ ہندولا اور دستور ہند میں بھی کہیں نہیں تحریر ہے کہ مسلمان کو ہندو کہا جاسکتا ہے ۔ مسلمانوں کو ببانگ دہل کہنا ہوگا کہ وہ مجاہدین آزادی کی طرح سولی پر چڑھ جانے کے لیے تیار ہیں لیکن خود کو ہندو کہلانے کے لیے ہرگز تیار نہیں ۔ اس کے لیے ملک بھر میں سمپوزیم اور جلسے ہونا چاہئے ۔ اس جلسے میں مسلمانوں کو یا پھر ہندوستان کے ہر شہری کو ہندو کہنے پر پر زور مذمت کرتے ہوئے ایک قرار داد منظور کی گئی ۔ جناب محمد علاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ مسلمانوں کو صرف اللہ کی ذات پر بھروسہ کرنا چاہئے ۔ جلسے کے بعد ایک مشاعرہ زیر صدارت مولانا نادر المسدوسی منعقد کیا گیا ۔ جس میں مسرز اثر غوری ، سلیم عابدی ، سردار سلیم ، اسلم فرشوری ، انجم شافعی ، ڈاکٹر سلیم راہی ، اور دیگر شعراء نے کلام سنایا ۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سلیم عابدی نے انجام دئیے ۔ رات دیر گئے یہ جلسہ و مشاعرہ جناب غلام محمد جنرل سکریٹری مسلم فرنٹ کے شکریہ پر اختتام کو پہنچا ۔۔