مسلمانوں کو صرف خوش کن وعدوں پر ٹرخا دیاگیا

ٹی آر ایس حکومت پر صدر وقف کمیٹی نظام آباد کی تنقید
آرمور ۔یکم نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع وقف کمیٹی صدر نظام آباد جاوید اکرم نے دورہ آرمور کے موقع پر مسجد عروب کے بازو واقع عاشورخانے کا معائنہ کیا اور اس بوسیدہ عمارت کیلئے وقف بورڈ سے فنڈ جاری کروانے کا مقامی مسجد کے ذمہ داروں کو تیقن دیا ۔ اس کے بعد آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا کہ اقلیتوں کو 1000کروڑ روپئے کا بجٹ اور مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات دیئے جائیں گے ‘ایسے کئی وعدے کئے گئے لیکن ان کی حکومت شروع ہوئے 5ماہ ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک مسلم مائناریٹیز کیلئے کوئی بجٹ جاری نہیں کیا گیا ‘ نہ تو تحفظات کا کوئی ذکر کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سابق حکومت نے آرمور عیدگاہ مقبرہ کو 9لاکھ روپئے کا فنڈ جاری کیا ۔ اس کے علاوہ وہ حلقہ آومر کے مختلف مساجد کو ماہ رمضان کے موقع پر فی مسجد کو 10ہزار کے حساب سے فنڈ جاری کیا گیا لیکن مساجد کے ذمہ داروں کو تحصیلدار آرمور اور میونسپل کمشنر آرمور کے دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن یہ رقم کے چیک مساجد کے ذمہ داروں کے حوالے نہیں کئے جارہے ہیں ۔ بتایا کہ یہ ٹی آر ایس قائدین کی تنگ نظری کا نتیجہ ہے ۔ جاوید اکرم نے کہا کہ یہاں ضلع سے ہر سال تقریباً 3کروڑ روپئے آمدنی وقف کو جاتی ہے اس آمدنی کا 50% فیصد حصہ ضلع کو دیا جائے تو ترقیاتی کام روبہ عمل لایا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر مائناریٹی ضلعی صدر کانگریس سمیر احمد‘ وقف بورڈ ڈائرکٹر عثمان علی حضرمی ‘ محمد نصیر ‘ کونسلر محمود علی ‘ کانگریس قائدین محمد حبیب الدین ‘ محمد فہیم علی موجود تھے ۔ بعدازاں وقف بورڈ صدر کے دورہ کے موقع پرمقامی لوگوں نے تہنیت پیش کی ۔