سابقہ فوجیوں کا ملک کے حالات پر اظہار تشویش ، مودی کو مکتوب
نئی دہلی ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی مسلح افواج (وظیفہ یاب) کے ایک گروپ نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملک میں تخریبی عناصر کی سرگرمیوں اور ایک مخصوص گروپ کی گرفت پر تشویش ظاہر کی اور مسلمانوں و دلتوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ۔ 114 وظیفہ یابوں نے کہا کہ مسلمانوں اور دلتوں کو جس انداز میں نشانہ بنایا جارہا ہے ، اس کی وجہ سے انہیں یہ مکتوب تحریر کرنا پڑا۔ انہوں نے حال ہی میں شروع کی گئی سوشل میڈیا مہم ’’ناٹ ان مائی نیم‘‘ کی بھی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوازم کے نام نہادنگرانکار مسلمانوں اور دلتوں کو نشانہ بنارہے ہیں اور سماج میں ایک طرح کا خوف پیدا کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا ، سیول سوسائٹی ، یونیورسٹیز ، جرنلسٹس اور اسکالرس کی آزادی تقریر پر حملوں کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی سیاسی جماعت سے وہ تعلق نہیں رکھتے اور ان کا مقصد صرف دستور ہند کا تحفظ یقینی بنانا ہے ۔ ہم ملک کے موجودہ حالات کو اگر نظر انداز کریں تو یہ ملک کی خدمت نہیں ہوگی ، لہذا سیکولر اقدار کی برقراری کیلئے یہ آواز اٹھائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کثرت میں وحدت ہماری طاقت ہے۔ مخالفت کو غداری نہیں کہا جاسکتا بلکہ یہ جمہوریت کی بنیاد ہے۔