مسعود اظہر کے خلاف تحدیدات میں رکاوٹ پر ہندوستان کا اظہار افسوس

واشنگٹن ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کہا ہے کہ پٹھان کوٹ دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ مسعود اظہر کو امریکی تحدیدات کی فہرست میں شامل کرنے کے سلسلے میں تکنیکی رکاوٹ پر کافی مایوسی ہوئی ۔ اقوام متحدہ تحدیدات کمیٹی نے دہشت گردی سے نمٹنے کے معاملے میں ایسا لگتا ہے کہ ایک مخصوص لائحہ عمل تیار کیا ہے ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے کل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انھوں نے بتایا کہ جو کچھ ہوا اُس کے اثرات بین الاقوامی برادری پر مرتب ہوں گے ۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے معاملے میں پورے عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ اقوا م متحدہ کی جانب سے مسعود اظہر پر تحدیدات عائد کرنے میں رکاوٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ کہیں نہ کہیں لاپرواہی ہورہی ہے ۔ ہندوستان کو اس صورتحال پر کافی تشویش ہے ۔ اس دوران موافق پاکستان موقف اختیار کرتے ہوئے چین نے آج کہا کہ جیش محمد سربراہ اور پٹھان کوٹ دہشت گرد حملے کا ماسٹر مائنڈ مسعود اظہر ’’دہشت گرد ‘‘ قرار دینے کا اہل نہیں ہے کیوں کہ اقوام متحدہ نے اس معاملے میں جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ان پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا ۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے لیو جی ای نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسعود اظہر کے خلاف تحدیدات کے معاملے میں تکنیکی رکاوٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ تمام مطلوبہ ضروریات کی تکمیل ضروری ہے اس کے بعد ہی کسی کو بلیک لسٹ کیا جاسکتا ہے ۔