مسز شمیم آغا ، تلنگانہ مہیلا کانگریس میڈیا انچارج

حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس کمیٹی مسز نریلا شاردا نے مسز شمیم آغا کو تلنگانہ مہیلا کانگریس میڈیا انچارج کی زائد ذمہ داری پیش کی ہے ۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ مہیلا کانگریس کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ صدر مسز نریلا شاردا نے نو منتخب نائب صدور ، جنرل سکریٹریز کے علاوہ دوسرے عہدے پر منتخب قائدین میں عہدے تقسیم کئے ۔ واضح رہے کہ مسز شمیم آغا کو تیسری مرتبہ تلنگانہ مہیلا کانگریس کمیٹی کا نائب صدر نامزد کیا گیا ہے ۔ ماضی میں وہ دو مرتبہ نائب صدر کے ساتھ میڈیا انچارج کی ذمہ داری بخوبی نبھا چکی ہیں ۔ جس کو دیکھتے ہوئے صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس مسز نریلا شاردا نے بھی آج انہیں میڈیا انچارج کی زائد ذمہ داری حوالے کی جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسز شمیم آغا نے کہا کہ انہیں ماضی میں 2 آندھرا پردیش مہیلا کانگریس صدور گنگا بھوانی اور اکولہ للیتا کے ساتھ خدمات انجام دینے کا موقع ملا ہے ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد مسز نریلا شاردا کو صدر مہیلا کانگریس کے ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ وہ کانگریس پارٹی کے استحکام کے لیے بے لوث خدمات انجام دے رہی ہیں جس طرح ماضی میں 2 صدور کے ساتھ تعاون کرچکی ہیں ۔ اس طرح نریلا ارشاد کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں بالخصوص خواتین کے خلاف ہونے والے ظلم و زیادتیوں پر آواز اٹھائیں گے ۔۔