مسجد یکخانہ عنبرپیٹ کی دوبارہ عالیشان تعمیر کا تیقن

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ، انہدامی کارروائی کیخلاف پولیس میں شکایت کی جائے گی

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے آج مسجد یکخانہ عنبرپیٹ کا دورہ کیا اور مقامی افراد کو یقین دلایا کہ اسی مقام پر مسجد دوبارہ تعمیر کی جائے گی۔ عیدالفطر کے بعد محمد سلیم اپنے ذاتی خرچ سے تعمیری کاموں کا آغاز کریں گے۔ محمد سلیم کے دورہ کے موقع پر پولیس کے عہدیدار اور مقامی افراد موجود تھے۔ انھوں نے ملبہ کی صفائی اور عارضی شیڈ کے تعمیری کام کا جائزہ لیا۔ محمد سلیم نے کہاکہ مسجد یکخانہ وقف ہے اور بورڈ میں مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ جن عہدیداروں نے وقف بورڈ کے مکتوب کو نظرانداز کرتے ہوئے راتوں رات انہدامی کارروائی کی ہے، ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی جائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ مسجد میں نمازوں کا سلسلہ جاری ہے اور عارضی شیڈ کے اخراجات وقف بورڈ ادا کرنے تیار ہے۔ محمد سلیم نے مقامی افراد کی ستائش کی جنھوں نے بروقت انھیں اطلاع دی۔ انھوں نے کہاکہ وقف جائیداد تاقیامت وقف رہتی ہے اور بورڈ نے ایک سے زائد مرتبہ بلدی حکام کو مسجد کے وقف ہونے کے بارے میں واقف کرایا تھا۔ محمد سلیم نے مقامی اے سی پی اور انسپکٹر پولیس سے بات چیت کرتے ہوئے مسجد میں عبادتوں کے اہتمام میں تعاون کی خواہش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور وہ کسی طبقہ کی دل آزاری نہیں چاہتے۔ محمد سلیم نے تیقن دیا کہ عید کے بعد عالیشان مسجد تعمیر کی جائے گی۔ مقامی افراد نے محمد سلیم کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور نمازوں کی بحالی کے اقدامات کی ستائش کی۔