چیرمین وقف بورڈ کو تحریک مسلم شبان کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : تحریک مسلم شبان نے چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے مسجد یکخانہ ، عنبر پیٹ میں نماز جمعتہ الوداع کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کرنے پر زور دیا ۔ محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان حیدرآباد نے چیرمین وقف بورڈ کو تحریر کیے گئے مکتوب میں کہا کہ عنبر پیٹ میں مسجد یکخانہ کو غیر قانونی طور پر منہدم کیا گیا ہے ۔ اس لیے اس کی دوبارہ تعمیر ضروری ہے اور اس کے لیے وقف بورڈ کو اہم رول ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عنبر پیٹ کے مقامی مسلمانوں کی جانب سے مسجد یکخانہ کے انہدام کے خلاف دفتر وقف بورڈ پر کئے گئے احتجاج کے موقع پر آپ نے انہیں یہ تیقن دیا تھا کہ مسجد کو اسی مقام پر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا اور اس کے اخراجات وقف بورڈ کی جانب سے برداشت کئے جائیں گے ۔ آپ نے الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسجد یکخانہ ، عنبر پیٹ ایک وقف جائیداد ہے اور ٹی ایس وقف بورڈ میں اس سے متعلق ریکارڈس موجود ہیں ۔ آپ نے ملبہ کی صفائی اور عارضی شیڈس بنانے کے کاموں کا جائزہ بھی لیا تھا اور اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ اس مسجد کو غیر قانونی طور پر منہدم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں متعلقہ اے سی پی اور انسپکٹر آف پولیس سے بات بھی کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ مسجد یکخانہ میں نماز کی ادائیگی کے لیے تعاون کریں ۔ لیکن یہ مسئلہ ہنوز تعطل کا شکار ہے ۔ جیسا کہ آپ کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور وہ کسی کے جذبات کو مجروح نہیں کرنا چاہتے ہیں ۔ لہذا تحریک مسلم شبان آپ سے اپیل کرتی ہے کہ مسجد یکخانہ عنبر پیٹ میں 31 مئی کو نماز جمعتہ الوداع کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کئے جائیں ۔۔