اجین ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اجین میں کل رات ایک مذہبی مقام پر حملہ کی اطلاع کے بعد کشیدگی پیدا ہوئی ۔ جہاں پولیس نے امتناعی احکام نافذ کردئیے ہیں بیگم باغ علاقہ میں پولیس پر سنگباری کے باعث یہاں گڑبڑ پیدا ہوئی ۔ اجین کلکٹر کویند راکیوٹ کے علاوہ دیگر پولیس عہدیدار سنگباری میں زخمی ہوئے ۔ پولیس کو ایک شکایت ملی کہ نامعلوم افراد نے مذہبی مقام ( مسجد ) پر پٹرول بم پھینکا ہے ۔ بیگم باغ میں مسلمانوں کی آبادی ہے یہاں مسجد کو نشانہ بنانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس مقام واقعہ پر پہونچ گئی ۔ جیسے پولیس ٹیم وہاں پہونچی اور تحقیقات کا آغاز کیا تو ایک ہجوم وہاں جمع ہو کر پولیس پر علاقہ کے مکانات سے سنگباری شروع کی ۔ پولیس نے کئی راونڈ آنسو گیاس شل برسائے ۔ لاٹھی چارج کیا اور ہجوم کو منتشر کر کے صورتحال کو قابو میں کرلیا ۔ رات دیر گئے کی پولیس تلاشی مہم میں 52 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ صورتحال کشیدہ قابو میں ہے ۔ گڑبڑ زدہ علاقوں میں پولیس کی بھاری جمعیت تعینات کردی گئی ہے ۔۔