مسجد نبویؐ کے امام کو اس سال کی اسلامی شخصیت کا اعزاز

مدینہ منورہ ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مدینہ منورہ کے ممتاز اسکالر شیخ حظیفی کو مسجد نبویؐ میں طویل مدت تک امامت کرنے والوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ انہیں عالم اسلام میں سب سے محترم سمجھا جاتا ہے ۔ دوبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے 22 ویں ایڈیشن کے موقع پر امام مسجد نبویؐ شیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمن ال حظیفی کو اس سال کی اسلامی شخصیت کا اعزاز دیا گیا ۔ یہ اعلان سالانہ قرآن کانفرنس کے موقع پر جمعہ کی شب کیا گیا ۔ شیخ حظیفی کو گذشتہ چار دہوں سے مسجد نبویؐ میں امامت کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے ۔ ان کی قرات اور لحن کو عالم اسلام میں کافی پسند کیا جاتا ہے ۔ نماز کے دوران ان کی خوش الحانی اور خوبصورت انداز میں قرات مصلیوں کی روح کو تسکین پہونچاتی ہے اور منہمک ہو کر سماعت کرتے ہیں ۔ شیخ ال حظیفی نے جامعہ الازہر سے پی ایچ ڈی کیا ہے ۔ وہ مدینہ میں اسلامی یونیورسٹی میں قرات کی تعلیم کے بشمول شرعی امور کا درس دیتے ہیں ۔ گذشتہ سال یہ اعزاز سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دیا گیا تھا ۔ اس سے پہلے سابق صدر بوسنیا علی عزت بقوف ، جامعہ الازہر کے امام اعظم ڈاکٹر احمد ال طیب اور حرم شریف کے امام اعظم ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس کو دیا گیا ہے ۔۔