مسجد نبویؐ کی توسیع کیلئے کئی ہوٹلوں کا انہدام، ہزاروں نوکریاں ختم

مدینہ منورہ ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کئی بلین ریال کی لاگت سے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ؐ کی توسیع کے کام میں کئی ہوٹلوں کو منہدم کیا جاچکا ہے جس کے نتیجہ میں 12000 نوکریوں کا نقصان ہوچکا ہے، ایک مقامی عربی روزنامہ نے یہ اطلاع دی۔ مدینہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ٹورازم کمیٹی کے سربراہ غنی الانصاری کے حوالہ سے کہا گیا ہیکہ حکومت کو متعدد مرد و خواتین اپنی نوکریوں سے محروم ہوجانے کے مسئلہ کی لازماً یکسوئی کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لگ بھگ 4000 پہلے ہی اس توسیع پراجکٹ کے ابتدائی مرحلہ میں اپنی نوکریاں کھو چکے ہیں جبکہ آئندہ چند یوم میں مزید 8000 کا یہی حشر ہونے والا ہے۔ ’’ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت ان تمام بیروزگار افراد کیلئے کوئی متبادل کام ڈھونڈے گی‘‘۔ کئی ورکرس نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ اب وہ کیا کریں گے۔ محمد ظہیر جو ایک ہوٹل میں کام کرتے تھے، ان کا کہنا ہیکہ ان کی طرح کئی دیگر لوگ کام کی تلاش میں نکل پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں ہوٹلوں کے انہدام سے صرف ہوٹل مالکین کو فائدہ ہوگا لیکن ان جیسے ملازمین اپنے لئے صرف مسائل پائیں گے۔ مدینہ کی تزئین نو جس میں مسجد نبوی ؐ کی توسیع شامل ہیں، اس پر 100 بلین سعودی ریال سے زائد کی لاگت آنے کی توقع ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ کے حکم پر شروع کیا گیا یہ پراجکٹ یقینی بنائے گا کہ مسجد نبویؐ میں زائد از 1.6 ملین مصلیان بیک وقت نماز ادا کرسکیں۔ اس پراجکٹ میں حصول اراضی کیلئے 25 بلین سعودی ریال مختص ہیں۔