بورڈ کے عہدیداروں کو رکاوٹ اور پولیس شکایت سے باز رہنے کا انتباہ
حیدرآباد۔ 28 ۔ مارچ ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کی جانب سے مسجد نانا باغ ، بشیر باغ کی اوقافی اراضی کے تحفظ کی مساعی کو روکنے کیلئے سیاسی سطح پر زبردست دباؤ بنایا جارہا ہے۔ برسر اقتدار پارٹی سے وابستہ بعض اہم قائدین وقف بورڈ کی جانب سے غیر مجاز تعمیرات کو روکنے اور اراضی کے حصول کی کوششوں کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض قائدین نے وقف بورڈ عہدیداروں کو تعمیرات کو روکنے کی کوشش اور پولیس میں شکایت سے باز رہنے کا مشورہ دیا۔ وقف بورڈ نے نانا باغ کے تحت موجود 5 ایکر 10 گنٹے اراضی کی نشاندہی مکمل کرلی ہے اور اس اراضی پر تعمیر کی گئی عمارتوں کا سروے مکمل کرلیا گیا تاکہ انہیں نوٹسیں جاری کی جاسکے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر محمد اسد اللہ نے سروے ٹیم کو مسجد نانا باغ روانہ کرتے ہوئے رپورٹ حاصل کی ہے۔ 5 ایکر 10 گنٹے اراضی کے حدود کا تعین کرلیا گیا ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی اس اراضی پر موجود تمام عمارتوں بشمول کرلوسکر ہاسپٹل ، لوک آیوکت کو نوٹس جاری کی جائے گی ۔ وقف بورڈ نے اراضی سے متعلق ریونیو ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونیو ریکارڈ میں الٹ پھیر کرتے ہوئے اراضی کے رقبے کو غلط درج کیا گیا۔ اس سلسلہ میں مزید ریکارڈ کی بنیاد پر حقیقی اراضی کا پتہ چلانے کی مساعی جاری ہے۔ پانچ ایکر 10 گنٹے اراضی کے سلسلہ میں وقف بورڈ کے پاس مکمل دستاویزی ثبوت موجود ہے ۔