حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : دکن ریڈیو 107.8 پر راست نشریہ پروگرام میں تعلیم اور روزگار سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مسٹر ایم اے حمید نے کہا کہ کورس کی تکمیل کے بعد صرف سرٹیفیکٹ یا ڈگری رکھتے ہوئے روزگار حاصل نہیں کیا جاسکتا بلکہ آج کے طالب علم کو اپنی عام معلومات ذہنی رجحان کو جانچتے ہوئے مسابقتی امتحانات کے مطابق ڈھال کر تیاری کرنا ہوگا ۔ آج کئی امیدواروں نے اپنی تعلیمی قابلیت کے مطابق سرکاری ملازمت کیسے حاصل کریں پر سوالات کیے گئے ۔ سرکاری ملازمت کے لیے جو اعلانات آچکے ہیں ان میں محکمہ پوسٹ میں پوسٹ مین کی جائیدادوں پر بھرتی ہے جس کے لیے اہلیت صرف میٹرک کامیاب اور عمر 27 سال سے کم ہونی چاہئے ۔ اس طرح سنٹرل پولیس فورس کے لیے جو 62 ہزارجائیدادوں پر تقررات ہونے کا اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ اس کے لیے جسمانی صحت کے مطابق میٹرک کامیاب امیدوار اہل ہیں ۔ اس میں پہلے فزیکل ٹسٹ اور دوڑ ہوگی پھر تحریری امتحان کے لیے طلب کیا جائیگا ۔ مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کے جرنلزم کے متعلم مسٹر عقیل احمد نے فاصلاتی تعلیم سے پوسٹ گریجویشن سے متعلق سوال کرتے ہوئے دریافت کیا کہ عثمانیہ یونیورسٹی سے پی جی فاصلاتی تعلیم کس طرح حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس کے جواب میں بتلایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی میں پوسٹ گریجویشن ریگولر کے لیے انٹرنس ٹسٹ ہے جب کہ فاصلاتی کے لیے بغیر انٹرنس داخلے ہوتے ہیں ۔ اب اس کے امتحانات جون / جولائی میں ہوں گے ۔ جناب زاہد فاروقی پروگرام کوآرڈینٹر نے تین طرح کے سوالات کو پروگرام میں شامل کیا ۔ دن بھر ریکارڈ کئے گئے سوالات اسٹوڈیو میں شخصی طور پر موجود حضرات کے سوالات اور دوران پروگرام فون پر راست پوچھے جانے والے سوالات ، جن کی ان کی تعلیمی قابلیت ، اہلیت کے مطابق جواب دیا گیا ۔ اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے معلومات فراہم کی گئی ہے اس پروگرام کے انعقاد میں دکن ریڈیو کی ٹیم جن میں محمد منیر ، محمد خالد ، یاسمین ، حنا ، صفا شامل ہیں حصہ لیا ۔ آخر میں زاہد فاروقی نے شکریہ ادا کیا ۔۔