مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے تعاون کرنے تیار ہوں :مون

اقوام متحدہ ۔ 9 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) سکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون نے آج اس بات کا منشاء ظاہر کیا کہ اگر ہند و پاک مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے اُن سے ثالثی کے فرائض انجام دینے کی درخواست کریں گے تو وہ ایسا کرنے تیار ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہند و پاک کو مذاکرات کے ذریعہ نہ صرف اپنے مسائل بلکہ اس خطہ میں پائے جانے والے مسائل بھی حل کرنے میں سنجیدگی کااظہار کرنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ جیسا کہ انھوں نے ماضی میں بھی یہ بات کہی ہے کہ اگر ہند و پاک یہ خواہش ظاہر کریں کہ مسٹر مون مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے اپنا تعاون پیش کریں تو وہ ایسا کرنے تیار ہیں۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموںو کشمیر میں امن کی بحالی صرف مذاکرات کے ذریعہ ہی ہوسکتی ہے لہذا دونوں ممالک کو اس جانب پیشرفت کرنی چاہئے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہند و پاک کو ایک بار پھر مذاکرات پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے اور اس معاملہ میں کشمیریوں کے حقوق کا بھی احترام کیا جانا چاہئے ۔ یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ عرصۂ دراز سے جاری ہے جہاں فوجیوں کے علاوہ عام شہری بھی ہلاک ہوتے رہتے ہیں کیونکہ ایل او سی کے قریب واقع مواضعات بھی اس کی زد میں آجاتے ہیں جبکہ پاکستان کا یہ استدلال ہے کہ ہندوستان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے بھی سینکڑوں پاکستانی شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایل او سی پر حالانکہ ہندوستانی چوکیوں پر فوجی ہمیشہ چوکس رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود دراندازوں کی جانب جب اُن کی توجہ مبذول ہوتی ہے تو پاکستانی فائرنگ کاسلسلہ شروع ہوجاتا ہے ۔