مسئلہ کشمیر کی باہمی مذاکرات سے یکسوئی ناممکن : شبیر شاہ

سرینگر۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سینئر علیحدگی پسند قائد شبیر احمد شاہ نے ہند۔ پاک معتمدین خارجہ سطح کے مذاکرات کا خیرمقدم کیا تاہم اپنا یہ موقف برقرار رکھا کہ دو ممالک کے درمیان باہمی مذاکرات مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرسکتے کیونکہ ریاست کے عوام تنازعہ کا کلیدی فریق ہیں۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ ہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن باہمی مذاکرات مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرسکتے، جیسا کہ ہم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں۔ ایسے اقدامات ہمیشہ گزشتہ 60 سال سے ناکام ہوتے رہے ہیں۔ علیحدگی پسند قائد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جموں و کشمیر کی حقیقی قیادت کو مسئلہ کی یکسوئی کے عمل میں شامل کئے بغیر حل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم بنیادی فریق ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے کشمیر کے علیحدگی پسند قائدین سے معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت سے قبل ملاقات میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ ہندوستان اور پاکستان مسئلہ کشمیر کے فریق ہیں لیکن ہم بنیادی فریق ہے۔ اگر ایک فریق دوسرے فریق سے ملاقات کرے تو اس میں کیا قباحت ہے۔ عبدالباسط نے علیحدگی پسند قیادت کو بشمول میر واعظ عمر فاروق، سید علی شاہ گیلانی اور محمد یٰسین ملک کو کل دہلی میں مشاورت کے لئے مدعو کیا ہے۔ یہ ملاقات 25 اگست کو معتمد خارجہ سجاتا سنگھ اور ان کے پاکستانی ہم منصب سے اسلام آباد میں مقرر ہے۔