مسئلہ کشمیر سے نمٹنے حکومت کے طریقہ پر تنقید

نئی دہلی 22 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مسئلہ کشمیر سے نمٹنے حکومت کے انداز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس پارٹی نے آج کہا کہ ایک انتہائی پیچیدہ ‘ تاریخی مسئلہ کو بغیر تیاری کے اور تنگ نظری سے دئے جانے والے بیانات کے ذریعہ حل نہیں کیا جاسکتا ۔ حال ہی میں حکومت نے پاکستان کے ساتھ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت منسوخ کردی تھی ۔ پارٹی ترجمان و سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جس طرح کے بیانات دے رہی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اس مسئلہ کے تعلق سے غیر حساس ہے ۔ وہ یہ ظاہر کرنا چاہتی ہے کہ کشمیر میں سوائے لا اینڈ آرڈر کے کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے ۔ یہ انتہائی پیچیدہ ‘ دیرینہ اور تاریخی مسئلہ ہے ۔ دستور ہند کے دفعہ 370 کے تعلق سے حکومت کے اندر پائے جانے والے خیالات کے تعلق سے مسٹر خورشید نے کہا کہ کچھ افراد مسلسل مخالفت کا شکار ہوتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جموں و کشمیر کے تعلق سے ہم کسی چیز کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ یو پی اے حکومت نے کشمیری عوام تک پہونچنے کی کوشش کی تھی لیکن موجودہ حکومت اس تعلق سے حساس نہیں ہے اور کسی تیاری کے بغیر اور تنگ نظری سے دئے جانے والے بیانات کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاسکتا ۔