مسئلہ کشمیر سے سردار پٹیل کو دور رکھ کر غلطی کی گئی

بیدر ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر سے جواہر لال نہرو کے بجائے سردار ولبھ بھائی پٹیل نے نمٹا ہوتا تو کشمیر کا کوئی حصہ پاکستان کے قبضہ میں نہیں ہوتا اور آرٹیکل 370 کا وجود نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ آج بھی کشمیر کا قابل لحاظ حصہ پاکستان کے زیر قبضہ ہے ۔ اگر مسئلہ کشمیر بھی نہرو کے بجائے سردار پٹیل کو سونپ دیا جاتا تو کشمیر کا کوئی حصہ پاکستان کے قبضہ میں نہیں جاتا، آرٹیکل 370 کا وجود نہ ہوتا اور یہ ہندوستان کے کسی بھی دیگر علاقہ کے طور پر برقرار رہتا۔ صدر بی جے پی نے کہا کہ یہ سردار پٹیل کے ٹھوس عزم اور عوام کو سمجھنے کی ان کی صلاحیت کی وجہ سے ممکن ہوا کہ ہم تمام یکجا ہیں، ہمیں ہمیشہ یہ بات یاد رکھنی ہوگی۔ وہ شمالی کرناٹک میں ضلع بیدر کے موضع گورتا میں پٹیل کے مجسمہ اور شہیدوں کی یادگار کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے مخاطب تھے۔ گورتا کو جنوبی ہند کا جلیان والا باغ کہتے ہیں، جہاں 9 مئی 1948 ء کو ہندوستانی پرچم لہرانے پر اس گاؤں کے لگ بھگ 200 لوگوں کو نظامِ حیدرآباد کے ملیشیا نے قتل کردیا تھا۔