مسئلہ ایودھیا پر پروگرام ، مودی کو ابھارنے کی کوشش

ٹیلی ویژن چینل کیخلاف الیکشن کمیشن میں کانگریس کی شکایت

نئی دہلی ۔ 10 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے مسئلہ ایودھیا پر ایک پروگرام کے ٹیلی کاسٹ کے پیش نظر الیکشن کمیشن سے ایک ٹی وی نیوز چینل کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو ابھارنے کیلئے خصوصیت کے ساتھ یہ پروگرام پیش کیا گیا۔ کانگریس کے شعبہ قانون کے سکریٹری کے سی متل نے انڈین نیوز چینل کی طرف سے پیش کردہ اس پروگرام کے بارے میں کہا کہ ’’یہ واضح ہے کہ ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ہوا دیتے ہوئے مودی کو ابھارنے کیلئے خصوصی طورپر یہ پروگرام تیار کیا گیا تھا‘‘۔ الیکشن کمیشن میں پیش کردہ شکایت میں متل نے کہا کہ اس پروگرام کے دوران مودی اور ایل کے اڈوانی کی قد آدم تصاویر کو پس منظر میں مندر کے ساتھ بارہا مرتبہ دکھایا گیا اور یہ نعرہ بھی درج تھا کہ ’’مودی اڈوا نی بولیں گے ، ہیے رام ‘‘ ۔ متل نے الیکشن کمیشن سے کی گئی شکایت میں الزام عائد کیا کہ یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور کہا کہ ’’ایک ایسے وقت جب عام انتخابات کا اعلان کیا جارہا تھا اس قسم کا پروگرام پیش کرنے کے پس پردہ کارفرما مقصد بالکل واضح ہے ‘‘ ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ اس قسم کی کہانیاں اور رپورٹس کی پیشکشی کا مقصد عوام کے مختلف طبقات میں نفرت و دشمنی پھیلانا ہے جس سے سارا انتخابی عمل مکدر ہوتا ہے ۔