نئی دہلی 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہا کہ وہ کوئلہ کی مزید دس کانوں کا ہراج کریگی جو تیسرے مرحلہ میں ہیں۔ ان کانوں کا اسٹیل ‘ سمنٹ اور پاور پلانٹس کیلئے ہراج کیا جائیگا ۔ ان دس کانوں میں 858.19 ملین ٹن کوئلہ کی موجودگی کا اندازہ ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ہراج کے عمل کو ماہ اگسٹ کے ختم تک مکمل کرلیا جائیگا ۔ حکومت نے اب تک کوئلہ کی 29 کانوں کا ہراج کیا ہے جو دو مراحل میں ہوا ہے ۔ یہ ہراج خانگی کمپنیوں کو ہوا ہے اور اس کے نتیجہ میں حکومت کو جملہ 2 لاکھ کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ اسکام میں کمپٹرولر و آڈیٹر جنرل نے جملہ 1.86 لاکھ کروڑ کے نقصان کا تخمینہ لگایا تھا اورحکومت کو اس سے زیادہ آمدنی ہوئی ہے ۔ کوئلہ سکریٹری انیل سواروپ نے بتایا کہ ہم نے دس کوئلہ بلاکس کو ہراج کیلئے تیار کیا ہے اور یہ سب غیر منظم شعبہ میں ہیں ۔ یہ ہراج 11 اگسٹ سے شروع ہوگا اور 17 اگسٹ تک ختم کردیا جائیگا ۔
فلم سٹی فائرنگ ‘ چارشوٹرس گرفتار
ممبئی 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی فلم سٹی میں گذشتہ مہینے پیش آئے فائرنگ کے واقعہ کے سلسلہ میں مزید چار شوٹرس کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ممبئی پولیس نے اس مقدمہ کا کامیاب سراغ لگالینے کا ادعا کیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ ان چار افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ یہ گرفتاری آج صبح عمل میں آئی ہے ۔ پولیس نے کہا کہ اس حملہ کا مقصد رقم کا حصول تھا۔
ہنگامی حالات منصوبہ عنقریب تیار
نئی دہلی۔4 جون (سیاست ڈاٹ کام) عنقریب مرکزی وزارت فینانس ایک ہنگامی حالات کا منصوبہ پیش کرے گی تاکہ خسارے کی صورتحال سے نمٹا جاسکے جو اندیشہ ہے کہ بارش کی قلت کی بنا ء پر پیدا ہوگا۔ دیہی طمانیت روزگار اسکیم کیلئے فنڈس مختص کئے جارہے ہیں تاکہ اس کی سرگرمیوں سے مصیبت زدہ کاشتکاروں کو راحت رسانی ہوسکے اور وزارت فینانس بارش کی قلت کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پاسکے۔