مزید بارش کی پیش قیاسی پر بلدیہ چوکس

حیدرآباد 4 مئی ( آئی این این ) جی ایچ ایم سی انچارچ کمشنر بھارتی ہولیکیری نے مطلع کیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 4 – 5 دنوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے انتباہ کے بعد کارپوریشن کو چوکس رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے تمام ایمرجنسی ٹیموں ‘ ویجیلنس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ونگ ‘ تمام زونل کمشنران ‘ ڈپٹی کمشنران وغیرہ کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کریں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انچارچ کمشنر جی ایچ ایم سی نے مطلع کیا کہ جمعرات کو ہوئی شدید بارش کی وجہ سے شہر میں پانی جمع ہونے کے 138 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور یہاں پانی کی نکاسی عمل میں لائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے 131 درخت گرگئے ہیں اور ایمرجنسی ٹیموں نے انہیں فوری صاف کردیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اشتہاری کمپنیوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے یونی پولس ‘ ہورڈنگس وغیرہ کیلئے احتیاطی اقدامات کریںتاکہ کوئی ناگہانی واقعہ پیش نہ آنے پائے ۔ کمشنر نے جی ایچ ایم سی اسٹاف کو ہدایت دی کہ وہ پانی جمع ہوجانے اور مین ہولس کے مسائل کو ہنگامی انداز میں حل کریں۔